پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیوں میں 41 انڈین حمایت یافتہ دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 29 جنوری 2026 کو سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں کارروائی کے دوران 30 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جبکہ پنجگور میں بھی سکیورٹی فورسز نے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیاں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کی گئیں، پنجگور میں دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے، ہلاک دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں سے بینک ڈکیتی سے لوٹی گئی رقم بھی برآمد کر لی گئی، برآمد رقم 15 دسمبر 2025 کو پنجگور میں ہونے والی بینک ڈکیتی کی تھی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی تلاش کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، آپریشن عزم استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی مہم پوری شدت سے جاری ہے۔
رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ، جس کی سرحدیں پڑوسی مسلمان ممالک ایران اور افغانستان سے ملتی ہیں، طویل عرصے سے عسکریت پسندی کا شکار ہے۔
گذشتہ اتوار کو آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ ضلع پنجگور میں ہی انڈیا کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کی موجودگی پر آپریشن کیا گیا اور فائرنگ کے تبادلے میں تین عسکریت پسند، جن میں ان کا مقامی کمانڈر بھی شامل تھا، مارے گئے۔
اس ہفتے کے اوائل میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کہا تھا کہ اس نے کوئٹہ سبی ہائی وے کو بلاک کرنے اور سکیورٹی فورسز پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے پانچ عسکریت پسندوں کو مار دیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ ’علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وژن عزم استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی کی انتھک مہم ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خطرے کو ختم کرنے کے لیے پوری رفتار سے جاری رہے گا۔
اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے وایلے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع ہرنائی اور ضلع پنجگور میں عسکریت پسندوں کے خلاف دو کاروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔