18 ؍ شوال المکرم 1447ھ
منگل؍ 07 اپریل 2026ء

باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں پہلے ہی دن 20 وکٹیں گر گئیں

میچ کے پانچ دن تک جاری رہنے کے امکانات انتہائی محدود

آسٹریلیا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشز سیریز کے چوتھے اور باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ میں پہلے ہی دن 20 وکٹیں گر گئیں۔

ٹیسٹ کے پہلے دن ہی بڑی تعداد میں وکٹیں گرنے سے اس کے پانچ دن تک جاری رہنے کے امکانات کم ہوگئے ہیں۔

انگلش کپتان بین اسٹوکس نے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں ٹاس جیت کر پہلےباولنگ کا فیصلہ کیا تھا، آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 152 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

جواب میں انگلینڈ کی ٹیم محض 110 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی اور آسٹریلیا نے 42 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

پہلے دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 4 رنز بنائے اور انگلینڈ کیخلاف 46 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔

دوسرے دن کے کھیل کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق ہفتہ کی صبح 4 بجکر 30 منٹ پر ہوگا۔

واضح رہے کہ میزبان آسٹریلوی ٹیم کو مہمان انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ایشیز سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

کینگروز نے پہلے ٹیسٹ میچ میں مہمان انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دی، برسبین میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی میزبان آسٹریلوی ٹیم نے انگلینڈ کی ٹیم کو 8 وکٹوں سے مات دی تھی جبکہ ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ میں 82 رنز سے شکست دے کر ایشز سیریز میں فیصلہ کن برتری قائم کرلی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان مینز ایشز سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ 4 سے 8 جنوری 2026 تک سڈنی کرکٹ گراونڈ میں کھیلا جائے گا۔

[SHORTCODE_ELEMENTOR id="6945"]
[SHORTCODE_ELEMENTOR id="5906"]