18 ؍ شوال المکرم 1447ھ
منگل؍ 07 اپریل 2026ء

قومی استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہیں: فیلڈ مارشل

[SHORTCODE_ELEMENTOR id="5906"]

چیف آف ڈیفنس سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قومی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے حوالے سے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج اُن عناصر کے خلاف ہر وقت مکمل طور پر تیار ہے جو ملک میں فرقہ وارانہ ہنگامہ یا عدم استحکام پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے حال ہی میں گوجرانوالہ اور سیالکوٹ گیریژنز کا دورہ کیا، جہاں انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں اور جنگی صلاحیتوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے فیلڈ ٹریننگ ایکسرسائزز اور جدید سمیولیٹر ٹریننگ سہولت کا مشاہدہ کیا، جس پر انہوں نے فارمیشن کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور مجموعی تیاری کی کھل کر تعریف کی۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل نے ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی اور جدید جنگی ماحول میں استعداد بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ تیزی، درستگی، حالات سے آگاہی اور بروقت فیصلہ سازی آج کے پیچیدہ آپریشنل ماحول میں ناگزیر ہیں۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جوانوں اور افسران سے ملاقات کی، ان کے بلند حوصلے اور قومی سلامتی کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا، اور کہا کہ پاک فوج کی تربیت سخت گیر مشن پر مبنی ہے تاکہ ہر نوعیت کے اندرونی اور بیرونی چیلنجز، بشمول انتہا پسند نظریات، کے مؤثر مقابلے کے لیے تیار رہا جا سکے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے مزید کہا کہ پاک فوج ملک کے استحکام کو نقصان پہنچانے والے تفرقہ انگیز عناصر کے خلاف مکمل مستعد ہے اور ہر قسم کے خطرات کے پیش نظر قومی سلامتی کے دفاع میں ہر وقت چوکس اور تیار رہنے کا عزم رکھتی ہے۔

یہ دورہ نا صرف پاک فوج کی پیشہ ورانہ تیاری اور جدید تربیت کی عکاسی کرتا ہے بلکہ یہ بھی واضح کرتا ہے کہ ملک کی سالمیت اور عوام کی حفاظت کے لیے مسلح افواج ہر لمحے متحرک اور تیار ہیں۔

[SHORTCODE_ELEMENTOR id="5970"]
[SHORTCODE_ELEMENTOR id="5906"]