18 ؍ شوال المکرم 1447ھ
منگل؍ 07 اپریل 2026ء

کوہاٹ بڑی تباہی سے بچ گیا، دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام

[SHORTCODE_ELEMENTOR id="5906"]

سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کی بدولت کوہاٹ بڑی تباہی سے بچ گیا، مشترکہ کارروائی کے دوران دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔

ڈی پی او کوہاٹ شہباز الٰہی نے بتایا کہ آئی جی پی ذوالفقار حمید کے احکامات اور ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ عرفان طارق کی ہدایات پر ضلع کوہاٹ میں دہشت گردی کے خلاف موثر کاروائیاں جاری ہیں، اس دوران سیکیورٹی فورسز ، ڈسٹرکٹ پولیس اور سی ٹی ڈی کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں کوہاٹ بڑی تباہی سے بچ گیا۔

مصدقہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پولیس سٹیشن ایم آر ایس کی حدود میں ایک فارم ہاؤس پر چھاپہ مار کارروائی کی گئی جہاں دہشت گردوں کا ایک منظم گروہ خفیہ طور پر قیام پذیر تھا۔ اس حوالے سے بتایا گیا کہ خطرناک دہشت گرد نیٹ ورک بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، جس پر فوری طور پر سیکیورٹی اداروں اور پولیس پر مشتمل مشترکہ حکمت عملی ترتیب دی گئی۔

کارروائی کے دوران علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا، اور جدید نگرانی کے آلات کے ذریعے فارم ہاؤس کی نگرانی کی گئی، جس کے بعد کارروائی کی گئِی اس دوران دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تاہم وہ اپنے زیر استعمال بھاری مقدار میں اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور حساس آلات چھوڑ گئے، جو تحویل میں لے لیا گیا، جبکہ ماہر ٹیمیں اس کا تکنیکی تجزیہ کر رہی ہیں۔

شواہد سے واضح ہوتا ہے کہ دہشت گرد ایک منظم منصوبے کے تحت کوہاٹ میں خونریز حملہ کرنے کے درپے تھے، جسے بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا گیا۔ اس واقعہ کے بعد شہر میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن اور ناکہ بندیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

عوام سے اپیل کی گئی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس سٹیشن کو دیں تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔

[SHORTCODE_ELEMENTOR id="5970"]
[SHORTCODE_ELEMENTOR id="5906"]